۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل پاکستان

حوزه/حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہم بہاولنگر میں چار دیواری کے اندر روایتی مجلس عزا میں شریک عزاداران پر پنجاب پولیس کی جانب سے منظم طریقہ سے ہلہ بولنے اور مجلس عزا پڑھنے اور سننے والوں پر لاٹھیوں کا بے جا استعمال و بے رحمانہ تشدد اور علم مبارک حضرت عباس اور مقدسات کی توہین کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ‌ کے مطابق شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی محرم کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین واحدی نے کہاہےکہ ہم چک نمبر HL240تھانہ کچھی والا تحصیل فورٹ عباس ضلع بہاولنگرکے علاقے میں چار دیواری کے اندر روایتی مجلس عزا میں شریک عزاداران مرد و خواتین ، بچوں و بوڑھوں پر تھانہ کچھی والاپنجاب پولیس کی جانب سے منظم طریقہ سے ہلہ بولنے اور مجلس عزا پڑھنے اور سننے والوں پر لاٹھیوں کا بے جا استعمال و بے رحمانہ تشدد اور علم مبارک حضرت عباس اور مقدسات کی توہین کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین واحدی نے چیف جسٹس آف پاکستان، صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان سمیت وفاقی اور صوبائی حکومت اور بالخصوص آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین و پر تشدد واقع پر فی الفور نو ٹس لیکر شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائے ۔اورتھانہ کچھی کے پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر پولیس گردی و تشدد کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کےخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے ان پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھر ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے پنجاب پولیس اہلکاروں کا مجلس عزا میں داخل ہو کر شرکاءمجلس جن میں بچے ،بوڑھے ،خواتین اور بچے شامل تھے پر بے رحمانہ تشدد اور علم مبارک حضرت عباس اور مقدسات کی توہین کئے جانے کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

انهوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پولیس اہلکاروںکی جانب سے خواتین، بچوں،بوڑھوں اور جوانوں پر لاٹھی چارج اور تشدد کیئے جانے پر سوموٹو لیں۔علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ چک نمبر HL240تھانہ کچھی والا تحصیل فورٹ عباس ضلع بہاولنگر کے مومنین لاوارث نہیں ہیں ،ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم پر امن شہری ہیں لیکن اپنے شہری حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم عزاداری سید الشہداءکے سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، ہم آزاد ملک میں آزاد شہری کی طرح عزاداری منانا چاہتے ہیں اور یہ ہماراآئینی ، جمہوری ، بنیادی حق اور شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے ۔علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ مجالس، جلوس یا دیگر طریقے سے شہدائے کربلا کی یاد منانا ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے نہ کہ ان کی عبادتوں میں رکاوٹیں ڈالنا ، لیکن چک نمبر HL240تھانہ کچھی والا تحصیل فورٹ عباس ضلع بہاولنگر میں چار دیواری کے اندر روایتی مجالس میں مقامی پولیس کا چار دیواری کے اند ر داخل ہوکر مجلس عزا پڑھنے والے کو گریبان سے پکڑ کر سٹیج سے اتارنے ، علم عباس کے بے حرمتی کرتے ہوئے مجلس عزا میں شریک مرد و خواتین ،بچوں و بوڑھوں پر لاٹھی چارج اور تشدد ،شہری آزادیوں کے سا تھ ساتھ آئینی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔

آخر میں حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین واحدی نے وزیر اعلی پنجاب کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عزاداری کےخلاف پنجا ب پولیس کی کارروائیاں پورے صوبے میں جاری ہیں اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .